گلگت سے سکردو جاتے سیاحوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، چار افراد جاں بحق
گلگت بلتستان میں سیر و تفریح کے لیے آنے والے چار سیاحوں کی لاشیں سکردو کے روندو ویلی میں استک گاؤں کے قریب ایک گہری کھائی سے برآمد ہوئی ہیں۔ ریسکیو حکام نے ہفتے کے روز اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی۔
ریسکیو افسر غلام رسول کے مطابق یہ حادثہ بلتستان ہائی وے پر پیش آیا جب سیاحوں کی گاڑی قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ اب تک دو لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ باقی دو کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق، یہ حادثہ 15 مئی کی رات کو اس وقت پیش آیا جب یہ سیاح گلگت سے سکردو جا رہے تھے۔ گاڑی اچانک بے قابو ہو کر نیچے جا گری۔
جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے بتایا گیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک پاکستانی نژاد اطالوی شہری بھی شامل ہے۔
گاڑی کی تلاش اور لاشوں کی بازیابی کے لیے کئی دنوں سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری تھا، جس کے بعد استک نالے میں گاڑی کا سراغ لگا کر لاشیں نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں باقی لاشوں کی بازیابی اور حادثہ کے مقام کو کلیئر کرنے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں بھی ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جب غیر ملکی سیاحوں کی گاڑی پر پہاڑ سے چٹانیں گرنے سے ایک تھائی خاتون جاں بحق اور دوسری زخمی ہو گئی تھی۔
یہ واقعہ دن کے وقت گھواری کے علاقے میں پیش آیا جب سیاح سکردو سے خپلو کی طرف جا رہے تھے۔ حکام کے مطابق گاڑی کو اوپر سے گرنے والی چٹانوں نے بری طرح متاثر کیا۔ گاڑی میں اُس وقت پانچ افراد سوار تھے۔
Comments
Post a Comment