پاکستان اور کینیڈا کے بڑھتے اقتصادی روابط تعاون کے نئے امکانات
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی تعلقات میں وسعت کی خواہش ایک مثبت پیش رفت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ دونوں ممالک نے معدنیات، ایل این جی اور قابلِ تجدید توانائی جیسے کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری سے متعلق مختلف امکانات پر بات چیت ہوئی۔ کینیڈین نمائندے نے پاکستان میں جاری معاشی استحکام اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو سراہا اور “گرین ٹرانزیشن” کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پاکستانی وزیر خزانہ نے حالیہ مالیاتی اصلاحات اور مہنگائی پر قابو پانے کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت کا فوکس پائیدار معاشی بحالی اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی پر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریکو ڈیک منصوبے میں کینیڈین شمولیت دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی مثال ہے۔ ملاقات کے دوران یہ اتفاق رائے پایا گیا کہ دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو جلد مکمل کرنے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔
کینیڈا کی جانب سے پاکستان میں توانائی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دلچسپی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دونوں ممالک باہمی مفادات کی بنیاد پر طویل المدتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ اگر یہ تعاون عملی اقدامات کی صورت اختیار کر لیتا ہے تو نہ صرف تجارتی حجم میں اضافہ ممکن ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوامی روابط اور ترقیاتی شراکت داری میں بھی نئی جہتیں سامنے آ سکتی ہیں۔
Comments
Post a Comment